نئی دہلی: بھارت نے ترکیہ کے ساتھ تجارتی اور تعلیمی روابط معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق یہ اقدام حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی غیر مشروط حمایت کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی خودمختاری پر سوال اٹھانے والے ممالک کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے ہی بھارت کے ایئرپورٹس پر کام کرنے والی ترک کمپنی کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کی جاچکی ہے۔
بھارت میں ترکیہ کے سیبوں کے بائیکاٹ کی مہم بھی زور پکڑ رہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پونے کے تاجر اس مہم میں پیش پیش ہیں اور ترک مصنوعات، خصوصاً سیب کے بائیکاٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ نے پاکستان کی کھل کر حمایت کی تھی۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ “ہم ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان بھائی چارے کا رشتہ بہت منفرد اور مضبوط ہے۔”
Leave a Reply