لودھراں کے علاقے تھانہ گیلے وال کی حدود چک 50 ایم میں اندھا قتل کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ رمضان ولد خادم حسین گاذر نامی نوجوان کو نامعلوم افراد نے چُھری کے پے در پے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق مقتول رمضان معمول کے مطابق اپنی کریانہ کی دکان کے باہر سو رہا تھا کہ رات کی تاریکی میں نامعلوم ملزمان نے اچانک حملہ کیا اور تیز دھار چُھریوں سے وار کر کے اسے موقع پر ہی موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا چھا گئی ہے۔
پولیس تھانہ گیلے وال اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تاحال قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
اہلِ علاقہ نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ انصاف کا بول بالا ہو اور آئندہ ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
مزید پیش رفت پولیس تفتیش کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔
Leave a Reply