لودھراں: تھانہ صدر کی حدود میں ایک حساس واقعہ رپورٹ ہوا ہے جس میں ایک نوجوان ملزم نے گھر میں اکیلی لڑکی کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ اپنانے کی کوشش کی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکی اپنے گھر میں اکیلی تھی اور ملزم نے موقع پا کر اندر داخل ہو کر نازیبا حرکت کی کوشش کی۔
پولیس ترجمان کے مطابق متاثرہ لڑکی کی والدہ نے واقعہ کی اطلاع فوری طور پر تھانہ صدر کو دی۔ والدہ کی تحریری درخواست پر پولیس نے تعزیرات پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔ پولیس نے نامزد ملزم وسیم پرھیار کو چند ہی گھنٹوں میں حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔
ڈی پی او لودھراں کیپٹن (ر) علی بن طارق نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او صدر اور تفتیشی ٹیم کو ہدایت جاری کی کہ مقدمے کی غیر جانبدارانہ اور مؤثر پیروی کی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو جلد انصاف فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچیوں کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت متحرک ہے۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے یا نازیبا رویہ اپنانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے تاکہ معاشرے میں خواتین کو تحفظ کا احساس دیا جا سکے۔
لودھراں پولیس کی اس بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے شہریوں نے بھی پولیس پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کو مثالی سزائیں دی جائیں تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص اس طرح کے واقعات کی جرأت نہ کر سکے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش میرٹ پر جاری ہے اور جلد ہی مکمل چالان عدالت میں جمع کروا دیا جائے گا۔
Leave a Reply